اتوار، 9-فروری،2025
اتوار 1446/08/10هـ (09-02-2025م)

فورسز کی قلات میں کارروائی، 23 خوارج ہلاک، مقابلے میں ایف سی کے 18 جوان شہید

01 فروری, 2025 15:25

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 23 خوارج ہلاک کر دیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کارروائی دہشتگردوں کے روڈ بلاک کرنےکی کوشش پر کی، کارروائی کے دوران 23  دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ منگوچر آپریشن میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے 18 جوان شہید ہو گئے۔

مزید پڑھیں:حافظ نعیم نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو کیا جواب دیا؟

مزید پڑھیں:سابق آئی ایس آئی سربراہ فیض حمید کیخلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 31 جنوری اور یکم فروری کی رات دہشتگردوں نے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری متحرک ہوئے اور سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی سے ناکام بنایا۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 23 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، دشمن قوتوں کی ایماء پر دہشتگردی کا مقصد بلوچستان کا پُرامن ماحول خراب کرنا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ گھناؤنے بزدلانہ فعل کے مرتکب اور سہولتکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، قلات کے علاقے منگوچر میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہے۔

دوسری جانب صدرمملکت آصف علی زرداری نے ضلع قلات میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صدرمملکت نے 18 ایف سی کے اہلکاروں کی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار بھی کیا۔

اس ضمن میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردعناصربلوچستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، ملک دشمن عناصرکی سرکوبی کیلئےسیکیورٹی فورسزکی کاروائیاں جاری رہیں گی۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ملک کا امن خراب کرنے والے عناصر کو مسترد کرتے ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top