مقبول خبریں
حکومت نے موٹر سائیکل کی نئی حد رفتار مقرر کردی

پنجاب حکومت نے روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے کے لیے صوبے بھر میں موٹر سائیکلوں کی رفتار حد 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کردی ہے۔
یہ فیصلہ 14 جنوری 2025 کو صوبائی کابینہ کے 22 ویں اجلاس کے دوران کیا گیا تھا اور اس پر صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 1960 کی دفعہ 75 (2) کے تحت عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
سیکریٹری عمران سکندر بلوچ کے دستخط سے محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس (ٹریفک) اور ضلعی ٹریفک افسران سمیت متعلقہ حکام کو سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موٹر سائیکل حادثات کا 15 روزہ ڈیٹا وزیراعلیٰ آفس کے جائزے کے لیے فراہم کرے۔
حکومت نے عوامی بیداری بڑھانے اور روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے کے لئے نئی رفتار حد کی وسیع پیمانے پر تشہیر پر زور دیا ہے۔