اتوار، 9-فروری،2025
اتوار 1446/08/10هـ (09-02-2025م)

امریکی وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار

29 جنوری, 2025 15:53

امریکا کا اعلیٰ سطحی سرمایہ کار وفد نے اپنے دو روزہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔

امریکی وفد کی قیادت ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ارب پتی امریکی سرمایہ کار اور ٹرمپ خاندان کے قریبی کاروباری ساتھی جینٹری بیچ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے امریکی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے منظرنامے اور معاشی امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران امریکی کاروباری وفد نے کان کنی اور معدنیات، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

شہباز شریفٰ نے وفد کی جانب سے پاکستان میں کاروباری مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی پر اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار کاروباری ماحول، ہموار عمل اور مضبوط ادارہ جاتی حمایت کو یقینی بنا کر سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع، ہنر مند اور نوجوان افرادی قوت اور تیزی سے پھیلتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے عالمی سرمایہ کاری کے مقام کے طور پر ملک کی منفرد اپیل پر روشنی ڈالی۔

ملاقات کے دوران جینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیتوں کو سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے متنوع مواقع تلاش کرنے کے لئے اپنے وفد کے جوش و خروش سے آگاہ کیا۔

بیان کے مطابق بیچ نے حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا اعتراف کیا اور ملک کی مستقبل کی ترقی کی راہ پر اعتماد کا اظہار کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اعلیٰ سطحی روابط براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت کی فعال کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

نئی امریکی انتظامیہ کے اقتدار سنبھالنے کے فورا بعد ہونے والے اس دورے کو ایک اہم سفارتی اور اقتصادی سنگ میل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان سرمایہ کاری کے متعدد معاہدوں پر دستخط ہوں گے جس سے مختلف شعبوں میں تعاون کی راہیں کھلیں گی۔

ذرائع نے جینٹری بیچ کے کلیدی کردار کو دیکھتے ہوئے وفد کے دورہ مختصر دورہ پاکستان کو پاک امریکا تعلقات کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

ٹرمپ خاندان کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات اور امریکی صدارتی انتخابات کی مہم میں فعال شمولیت کی وجہ سے مشہور جینٹری بیچ کی موجودگی پاکستان میں امریکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی نشاندہی کرتی ہے۔

نئی انتظامیہ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی بھی امریکی وفد کا یہ پہلا دورہ ہے جس سے اس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

حال ہی میں امریکی صدارتی انتخابات کے بعد ایک تقریب کے دوران جینٹری بیچ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور اس جنگ میں ہزاروں جانیں ضائع ہوئیں، لہٰذا ملک اپنی کوششوں کے لئے بے پناہ تعریف کا مستحق ہے۔

بیچ نے اپنی تقریر میں صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنائیں اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعاون اور مضبوط شراکت داری کی وکالت کریں۔

امریکی سرمایہ کاروں کا یہ دورہ مستقبل قریب میں اہم اقتصادی اور سفارتی پیش رفت کے امکانات کے ساتھ باہمی فائدہ مند شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک قدم ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top