مقبول خبریں
مصنوعی ذہانت پر مبنی چینی کمپنی نے امریکا کو ہلا کر رکھ دیا، ایک کھرب ڈالر کا نقصان

مصنوعی ذہانت پر مبنی چینی چیٹ بوٹ ’ڈیپ سِیک‘ نے نہ صرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے نئے منصوبے کا بھٹا بھٹایا بلکہ کئی بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔
ڈیپ سِیک امریکا، برطانیہ اور چین میں ایپل کے ایپ اسٹور پر چیٹ جی پی ٹی کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ ٹرینڈ کرنے والی مفت ایپلیکیشن بھی بن گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ڈیپ سیک بظاہر امریکی کمپنی اوپن اے آئی کے چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کی طرح ہی کارکردگی دکھاتی ہے تاہم یہ چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں بہت کم وسائل کا استعمال کرتی ہے۔
ڈیپ سِیک کی اس صلاحیت کے باعث سرمایہ کاروں کا مصنوعی ذہانت پر کام کرنے والی بڑی امریکی کمپنیوں پر اعتماد متزلزل ہوا ہے۔
ڈیپ سِیک کی مقبولیت کے بعد گزشتہ روز مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کے لیے کمپیوٹر چپس تیار کرنے والی سب سے بڑی کمپنی اینویڈیا کے شیئرز کی قیمت میں 17 فیصد کمی ہوئی جس سے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 600 ارب ڈالر کم ہوگئی۔
گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کو 100 ارب ڈالرز جب کہ مائیکروسافٹ کو 7 ارب ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مشہور ہونے والے اے آئی اسسٹنٹ پر اچانک سائبر حملہ
این ویڈیا کو ہونے والا نقصان امریکی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں کسی کمپنی کو ہونے والا سب سے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ڈیپ سِیک کو امریکی صنعتوں کے لیے ایک انتباہ سمجھنا چاہیے۔
چینی اسٹارٹ اپ ڈیپ سیک کی جانب سے اپنے جدید ترین مصنوعی ذہانت (اے آئی) ماڈلز لانچ کیے گئے ہیں جن کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ امریکا میں صنعت کے صف اول ماڈلز سے بہتر ہیں۔
کمپنی نے گزشتہ ماہ ایک مقالے میں لکھا تھا کہ ڈیپ سیک-وی 3 کی تربیت کے لیے این ویڈیا ایچ 800 چپس سے 60 لاکھ ڈالر سے بھی کم مالیت کی کمپیوٹنگ پاور درکار ہوتی ہے۔
ڈیپ سیک کا اے آئی اسسٹنٹ، جو ڈیپ سیک -وی 3 سے چلتا ہے، نے حریف چیٹ جی پی ٹی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے امریکا میں ایپل کے ایپ اسٹور پر دستیاب ٹاپ ریٹڈ مفت ایپلی کیشن بن گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی ایپ نے چیٹ جی پی ٹی کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی
اس سے کچھ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے مصنوعی ذہانت میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کرنے کے فیصلے کی وجوہات کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہو گئے اور این ویڈیا سمیت کئی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص متاثر ہوئے ہیں۔
ذیل میں دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے شعبے کو ہلا دینے والی کمپنی کے بارے میں کچھ حقائق ہیں۔
ڈیپ سیک کیوں ہلچل پیدا کر رہا ہے؟
2022 کے آخر میں اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی کے اجراء نے چینی ٹیک کمپنیوں کے درمیان ایک کشمکش پیدا کی جنہوں نے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اپنے چیٹ بوٹس بنانے کی کوشش کی تھی۔
چینی اسٹارٹ اپ نے کہا ہے کہ جن دو ماڈلز کو سلیکون ویلی کے ایگزیکٹوز اور امریکی ٹیک کمپنی کے انجینئرز نے یکساں طور پر سراہا ہے ، ڈیپ سیک -وی 3 اور ڈیپ سیک -آر 1 ، اوپن اے آئی اور میٹا کے جدید ترین ماڈلز کے برابر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میٹا رواں سال مصنوعی ذہانت میں کتنے ارب کی سرمایہ کاری کرے گا؟
وہ استعمال کرنے کے لئے بھی سستے ہیں، ڈیپ سیک کے آفیشل وی چیٹ اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے جاری کیا گیا ڈیپ سیک-آر 1 اوپن اے آئی او 1 ماڈل کے مقابلے میں استعمال کرنے میں 20 سے 50 گنا سستا ہے۔
لیکن کچھ لوگوں نے ڈیپ سیک کی کامیابی کی کہانی کے بارے میں عوامی طور پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
اسکیل اے آئی کے سی ای او الیگزینڈر وانگ نے جمعرات کو سی این بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران بغیر ثبوت فراہم کیے کہا کہ ڈیپ سیک کے پاس 50،000 این ویڈیا ایچ 100 چپس ہیں جن کے بارے میں انہوں نے دعوی کیا کہ اس کا انکشاف نہیں کیا جائے گا کیونکہ اس سے واشنگٹن کے برآمدی کنٹرول کی خلاف ورزی ہوگی جو اس طرح کی جدید اے آئی چپس کو چینی کمپنیوں کو فروخت کرنے پر پابندی عائد کرتے ہیں۔
ڈیپ سیک نے فوری طور پر اس الزام پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
ڈیپ سیک کے پیچھے کون ہے؟
ڈیپ سیک ہانگژو میں قائم ایک اسٹارٹ اپ ہے جس کا کنٹرولنگ شیئر ہولڈر لیانگ وین فینگ ہے، جو چینی کارپوریٹ ریکارڈ کی بنیاد پر مقداری ہیج فنڈ ہائی فلائر کا شریک بانی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک کو کونسی امریکی کمپنی خرید رہی ہے؟ ٹرمپ نے بتادیا
لیانگ کے فنڈ نے مارچ 2023 میں اپنے آفیشل وی چیٹ اکاؤنٹ پر اعلان کیا تھا کہ وہ ٹریڈنگ سے آگے بڑھ کر "اے جی آئی” (مصنوعی جنرل انٹیلی جنس) کے جوہر کو تلاش کرنے کے لئے ایک نیا اور آزاد تحقیقی گروپ بنانے پر وسائل مرکوز کررہے ہیں جب کہ ڈیپ سیک اسی سال کے آخر میں بنایا گیا تھا۔
چیٹ جی پی ٹی بنانے والے اوپن اے آئی اے جی کو خود مختار نظام کے طور پر بیان کرتے ہیں جو معاشی طور پر قابل قدر کاموں میں انسانوں سے آگے نکل جاتے ہیں۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ہائی فلائر نے ڈیپ سیک میں کتنی سرمایہ کاری کی ہے۔ چینی کارپوریٹ ریکارڈ کے مطابق ہائی فلائر کا ایک دفتر ڈیپ سیک کی عمارت میں واقع ہے اور اس کے پاس مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال ہونے والے چپ کلسٹرز سے متعلق پیٹنٹ بھی موجود ہیں۔
ہائی فلائر کے اے آئی یونٹ نے جولائی 2022 میں اپنے آفیشل وی چیٹ اکاؤنٹ پر کہا تھا کہ وہ 10،000 اے 100 چپس کے کلسٹر کی مالک ہے اور اسے چلاتی ہے۔
بیجنگ ڈیپ سیک کو کس طرح دیکھتا ہے؟
ڈیپ سیک کی کامیابی پہلے ہی چین کے اعلیٰ سیاسی حلقوں میں دیکھی جا چکی ہے۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق 20 جنوری کو جس دن ڈیپ سیک-آر ون کو عوام کے لیے جاری کیا گیا تھا، بانی لیانگ نے چینی وزیر اعظم لی کیانگ کی میزبانی میں تاجروں اور ماہرین کے لیے بند کمرے میں منعقدہ سمپوزیم میں شرکت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مسک نے ٹرمپ کے حمایت یافتہ اے آئی پراجیکٹ کو ہی آڑے ہاتھوں لے لیا
اس میٹنگ میں لیانگ کی موجودگی ممکنہ طور پر اس بات کی علامت ہے کہ ڈیپ سیک کی کامیابی واشنگٹن کے برآمدی کنٹرول پر قابو پانے اور مصنوعی ذہانت جیسی اسٹریٹجک صنعتوں میں خود کفالت حاصل کرنے کے بیجنگ کے پالیسی ہدف کے لئے اہم ہوسکتی ہے۔
پچھلے سال اسی طرح کے ایک سمپوزیم میں بائیڈو کے سی ای او رابن لی نے شرکت کی تھی۔