مقبول خبریں
پاکستان میں فی تولہ سونے کے بھاؤ کم ہوگئے

گزشتہ سیشن میں ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ہفتے کے روز پاکستان میں سونے کے نرخوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 200 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونا 2 لاکھ 89 ہزار 400 روپے پر آگیا۔
جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط کے حامل 10 گرام سونے کی قدر 172 روپے گھٹ کر 2 لاکھ 48 ہزار 113 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمت 2900 روپے اضافے سے 2 لاکھ 89 ہزار 600 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچی تھی۔
دوسری جانب جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا ہے کہ 24 قیراط کے حامل فی تولہ چاندی کا نرخ 32 روپے کمی سے 3 ہزار 409 روپے ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ ہفتے کے روز سونے کے بین الاقوامی نرخ میں بھی کمی ہوئی ہے، یہ قیمت 2770 ڈالر فی اونس (20 ڈالر پریمیم کے ساتھ) تھی اور دن کے دوران اس میں 2 ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔