مقبول خبریں
میٹا رواں سال مصنوعی ذہانت میں کتنے ارب کی سرمایہ کاری کرے گا؟

میٹا کے چیف ایگزیکٹیو مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2025 میں مصنوعی ذہانت میں کم از کم 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔
زکربرگ نے اپنے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ مصنوعی ذہانت کے لیے ایک فیصلہ کن سال ہوگا۔
مارک زکربرگ کو توقع ہے کہ میٹا اے آئی سب سے بڑا ڈیجیٹل اسسٹنٹ ہوگا، جسے ایک ارب سے زائد افراد استعمال کرتے ہیں اور ٹیک فرم کا لاما 4 مصنوعی ذہانت کے ماڈلز میں سب سے آگے ہوگا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ میٹا اپنی تحقیق اور ترقی کی کوششوں میں کمپیوٹر کوڈنگ میں حصہ ڈالنے کے لئے اے آئی "انجینئر” تیار کر رہا ہے۔
زکربرگ کے مطابق میٹا اپنے مصنوعی ذہانت کے عزائم کو تقویت دینے کے لیے ایک بڑا نیا ڈیٹا سینٹر تعمیر کرے گا اور اس سال ٹیکنالوجی سے متعلق 60 سے 65 ارب ڈالر کے سرمائے کے اخراجات کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت بڑی کوشش ہے اور آنے والے سالوں میں یہ ہماری بنیادی مصنوعات اور کاروبار کو آگے بڑھائے گی، تاریخی جدت طرازی کو کھولے گی اور امریکی ٹیکنالوجی کی قیادت کو وسعت دے گی۔
یہ پوسٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے بڑی سرمایہ کاری کے اعلان کے چند روز بعد سامنے آئی ہے جس کی سربراہی جاپانی کمپنی سافٹ بینک اور چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ اسٹار گیٹ نامی یہ منصوبہ امریکا میں مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے میں کم از کم 500 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
لیکن اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ کے اتحادی اور ٹیک ٹائیکون ایلون مسک نے کہا کہ اہم سرمایہ کاروں کے پاس اصل میں پیسہ نہیں ہے۔
یہ تبصرہ دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹرمپ کے درمیان تقسیم کی ایک نادر مثال ہے، جس میں مسک نے انتخابی مہم پر 270 ملین ڈالر خرچ کرنے کے بعد نئی انتظامیہ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔