مقبول خبریں
ڈنمارک میں قرآن شریف کی بے حرمتی پر پہلا مقدمہ درج

یورپی ملک ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر پابندی کے قانون کے تحت 2 افراد پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ڈنمارک کی جانب سے مقدس کتاب کے نسخے نذر آتش کرنے کے واقعات کے بعد یہ قانون منظور کیا گیا تھا، تاہم ان واقعات کے باعث مسلمانوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ان دونوں ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، ان افراد پر جون میں ایک تہوار کے دوران سیاسی، معاشی اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ایک مجمع کے درمیان قرآن پاک کے نسخے کے ساتھ نامناسب برتاؤ کا الزام ہے۔
مزید پڑھیں:ڈنمارک کی جامعہ کے طلبا کا اسرائیل مظالم کیخلاف احتجاج رنگ لے آیا
دارالحکومت کوپن ہیگن کی پراسیکیوشن اتھارٹی اور مقامی میڈیا نے ان افراد کی جانب سے مبینہ بے حرمتی کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ پراسیکیوٹر نے ایک بیان میں کہا کہ یہ غیر قانونی حرکتیں عوامی سطح پر ہوئیں، جس کی لوگوں نے ویڈیو ریکارڈ کیں اور فیس بک پر براہ راست نشر کیا گیا۔
نئی قانون سازی 7 دسمبر 2023 کو منظور کی گئی تھی اور کئی دن بعد اس پر عمل درآمد شروع کیا گیا، جبکہ اس سے قبل ڈنمارک اور پڑوسی ملک سویڈن میں اسلام کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کے مختلف واقعات سامنے آنے کے بعد مسلم ممالک میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔