مقبول خبریں
جوہری طاقتوں کے درمیان مسلح تصادم کا خطرہ بڑھ رہا ہے، روس

روس کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار نے کہا ہے کہ جوہری طاقتوں کے درمیان مسلح تصادم کا خطرہ بڑھ تا جا رہا ہے۔
عالمی خبر ایجنسی کے مطابق روس کی سلامتی کونسل کے سیکریٹری اور سابق وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے خبردار کیا ہے کہ جوہری طاقتوں کے درمیان مسلح تصادم کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
ٹی اے ایس ایس نے سرگئی شوئیگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر بڑی ریاستوں کے درمیان بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی دشمنی اس طرح کے تصادم کا خطرہ بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے نیٹو کے فوجی اتحاد پر روس اور بیلاروس کے مشرقی حصے کے قریب اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے اور وہاں جارحانہ اور دفاعی منظرنامے کی مشق کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
دوسری جانب نیٹو کا کہنا ہے کہ یہ روس ہے جو کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے جب کہ وہ اپنے اتحادی بیلاروس میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار تعینات کر رہا ہے، جس کی سرحدیں تین نیٹو ممالک سے ملتی ہیں۔
روس کی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بیلاروس اب روس کے جوہری ہتھیاروں کے تحفظ میں ہے، جس کے نتیجے میں صدر پیوٹن نے گزشتہ سال جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق روس کے ڈاکٹرائن میں تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا۔