جمعرات، 20-فروری،2025
بدھ 1446/08/20هـ (19-02-2025م)

جبلِ نور سے قرآن پاک کے قدیم نسخے چوری ہوگئے

24 جنوری, 2025 13:16

کوئٹہ میں قرآن پاک کی چوری کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم افراد جبل نور القرآن کے قدیم نسخے چرا کر لے گئے۔

رپورٹ کے مطابق نامعلوم افراد رات کے 2 بجے کے بعد جبل نور القرآن کی گیلری میں داخل ہوئے جنہوں نے الماریوں کے شیشے توڑ کر قرآن پاک چوری کیے۔

واقعے کے وقت جبل نور القرآن کی سکیورٹی کے لیے لگائے گئے کیمرے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث بند تھے، چوری کا مقدمہ انچارج جبل نور القرآن کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ بروری میں درج کرلیا گیا۔

یہ واقعہ جنوبی کوئٹہ میں واقع کوہ چلتان پہاڑ پر پیش آیا، جہاں جبل نور القرآن کے نام سے ایک قابل ذکر ورثہ موجود ہے، جسے 1992 میں دو دور اندیش بھائیوں نے تخلیق کیا تھا، یہ مقام چھ سے سات صدیوں کی شاندار روحانی تاریخ پر محیط ہے۔

جبل نور کے انچارج اجمل خان نے بتایا کہ چوروں نے سرنگ کے اندر حفاظتی شیشے توڑ دیے جس کے بعد کم از کم 150 مخطوطات اور قدیم قرآنی صفحات چوری ہو گئے۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے مغربی بائی پاس پر کوہِ چلتن کے دامن میں سن 1992 میں حاجی عبد المجید لہڑی اور ان کے بھائی نےقرآن کے ضعیف اور ناقابلِ مطالعہ نسخوں کو محفوظ بنانے کے لیے ایک غار بنایا تھا۔

ابتدا میں یہاں کوئٹہ اور اندرونِ بلوچستان سمیت ملک بھر سے قرآن کے ضعیف اوراق اکھٹے کر کے محفوظ کیے جاتے تھے۔ لیکن اب دنیا بھر سے قرآن کے نسخے یہاں بھجوائے جاتے ہیں۔

جبلِ نور القرآن آج ایک میوزیم کی شکل اختیار کر چکا ہے جہاں ملک بھر سے لوگ سیاحت اور عبادت کی غرض سے آتے ہیں۔

منتظمین کے مطابق پہاڑ کے اندر سینکڑوں میٹر لمبی تقریباً 30 سے زائد غاریں کھودی گئی ہیں جن میں رکھے گئے قرآنی نسخوں کی تعداد تقریباً تین کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top