جمعرات، 20-فروری،2025
بدھ 1446/08/20هـ (19-02-2025م)

ڈونلڈ ٹرمپ کا کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے والے افراد کو مُعافی دینے کا اعلان

21 جنوری, 2025 09:19

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے منصب صدارت سنبھالتے ہی کیپیٹل ہل پر حملہ کرنے والے 1600 افراد کو معافی دے دی

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چار سال قبل امریکی کیپیٹل ہل میں ہونے والے فسادات میں ملوث تقریباً 1600 افراد کیلئے مُعافی اور سزاء میں کمی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ یہ تمام افراد سزا یافتہ تھے یا ان پر فردِ جرم عائد ہو چکی تھی۔

انتہائی دائیں بازو کے گروہ پراؤڈ بوائز اور اوتھ کیپرز کے 14 ارکان کے نام بھی ان افراد میں شامل ہیں جن کی سزاؤں کو نئے ریپبلکن صدر نے وائٹ ہاؤس میں عہدہ سنبھالتے ہی تبدیل کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں:ٹرمپ نے حلف سے قبل غزہ جنگ بندی کا کریڈٹ لے لیا

اس کے علاوہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ انصاف کو کیپیٹل ہل فسادات میں ملوث مشتبہ افراد کے خلاف تمام زیر التواء مقدمات ختم کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ ایگزیکٹیو احکامات ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے 47 ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے کے فوراً بعد جاری کیے ہیں۔

جنوری 2021 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہزاروں حامیوں نے 2020 کے صدارتی انتخاب کے نتائج مسترد کرتے ہوئے امریکی قانون ساز اسمبلی پر دھاوا بول دیا تھا اور یہاں توڑ پھوڑ کی تھی۔ اس فسادات کو کیپیٹل ہل فسادات کے نام سے جانا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ ان فسادات میں ملوث ہونے کے الزام میں سنہ 2021 میں سینکڑوں افراد کو سزا سنائی گئی تھی۔

پیر کی شام اوول آفس میں ایگزیکٹو احکامات پر دستخط کی ایک تقریب کے دوران، ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کیپیٹل فسادات میں نامزد افراد کے ناموں کی ایک فہرست دکھاتے ہوئے کہا کہ ان تمام سزا یافتہ افراد کو معافی دینے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ واشنگٹن ڈی سی میں حلف برداری کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن، ارجنٹائن کے صدر جیویئر ملی، اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی اور دیگر نے شرکت کی۔

قبل ازیں ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری سے قبل جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس کو الوداع کہہ دیا جبکہ ٹرمپ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ وائٹ ہاؤس پہنچے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top