مقبول خبریں
کراچی میں شادی ہالز پولیس کے ریڈار پر آگئے

پولیس حکام نے شادی ہال انتظامیہ کو نشانہ بناتے ہوئے سخت ہدایات جاری کی ہیں اور ہوائی فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات متعارف کرائے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شادی ہال انتظامیہ کو تقریبات کے دوران احاطے کے باہر فائرنگ کی صورت میں قانونی کارروائی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضلعی سطح کے پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
کراچی پولیس حکام نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ شادی ہال انتظامیہ کو پیشگی نوٹس جاری کریں۔ شادی ہالز کے اندر تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ میں ملوث پائے جانے والے کسی بھی شخص کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پولیس حکام نے شہر بھر میں آویزاں بینرز کے ذریعے ہوائی فائرنگ کے خلاف عوامی شعور اجاگر کرنے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد اس خطرناک عمل کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
شہر قائد میں ہوائی فائرنگ کے واقعات میں متعدد افراد زخمی اور ہلاکتیں رپورٹ ہو رہی ہیں۔
حال ہی میں کراچی میں نئے سال کی تقریبات کے دوران مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 29 افراد زخمی ہوئے۔
ہوائی فائرنگ کے واقعات لیاقت آباد، طارق روڈ، شاہ فیصل، اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، عزیز آباد اور کورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آئے تھے۔