اتوار، 9-فروری،2025
اتوار 1446/08/10هـ (09-02-2025م)

کیا امباپے میسی سے حسد کرتے ہیں؟ نیمار نے بڑا دعویٰ کردیا

17 جنوری, 2025 12:19

معروف برازیلی فٹبال اسٹار نیمار جونیئر نے انکشاف کیا ہے کہ فرانس کے کلیان امباپے لیونل میسی سے حسد کرتے ہیں۔

برازیل کے سابق اسٹرائیکر روماریو کی میزبانی میں پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے نیمار نے کہا کہ پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے سابق ساتھی کھلاڑی لیونل میسی نے 2021 میں جب کلب جوائن کیا تو فرانس کے امباپے نے ان سے حسد کیا۔

نیمار نے فرانسیسی کلب میں ایک ساتھ اسپیل کے دوران تینوں اسٹارز کی ناکامی کے لئے انا کے ٹکراؤ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

2023 میں پی ایس جی چھوڑ کر سعودی کلب الہلال میں شامل ہونے والے 32 سالہ نیمار نے کہا کہ 2017 میں جب وہ پی ایس جی میں شامل ہوئے تو انہوں نے ابتدائی طور پر امباپے کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا۔

نیمار نے ایمباپے کے بارے میں کہا کہ مجھے ان کے ساتھ اپنے مسائل تھے، ہماری تھوڑی سی لڑائی تھی، لیکن اس وقت امباپے کے کیریئر کی شروعات تھی۔

برازیلی فٹبال اسٹار کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ امباپے سے کہا کہ وہ بہترین میں سے ایک بننے جا رہا تھا اور اس کی مدد کی، حالاں کہ میں نے اس سے بات کی اور اپنے گھر مدعو کرکے ساتھ کھانا بھی کھایا۔

لیکن نیمار نے کہا کہ جب میسی 2021 میں بارسلونا سے آئے تو امباپے کا رویہ بدل گیا۔ نیمار کا میسی کے ساتھ 2013 سے 2017 کے درمیان بارسلونا میں ٹیم کے ساتھی کی حیثیت سے گہرا تعلق قائم تھا۔

نیمار کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ساتھ کچھ اچھے سال گزارے لیکن جب میسی آئے تو مجھے لگتا ہے کہ امباپے کو تھوڑا حسد ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امباپے مجھے کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرنا چاہتے تھے اور پھر رویے تبدیلی کے باعث جھگڑے شروع ہوئے۔

نیمار کا کہنا تھا کہ ٹیم ورک کی کمی پی ایس جی کے سپر اسٹار تینوں کھلاڑیوں کی اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح سے سمجھنے میں ناکامی اور انا کی وجہ سے تھی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top