مقبول خبریں
چیمپیئنز ٹرافی: ایک اور ملک کا افغانستان کیخلاف کرکٹ بائیکاٹ کا مطالبہ
جنوبی افریقا کے وزیر کھیل نے بھی چیمپیئنز ٹرافی میں افغانستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا مطالبہ کردیا۔
جنوبی افریقا کے وزیر کھیل گیٹن میکنزی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کے بائیکاٹ کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں اور برطانوی سیاست دانوں کے لیے آواز بلند کرتے ہیں جنہوں نے انگلینڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ افغانستان کے خلاف میچ نہ کھیلیں۔
انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا چیمپیئنز ٹرافی کے اس ہی گروپ کا حصہ ہیں جس میں افغانستان شامل ہے۔
اگست 2021 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے حقوق کے خلاف کریک ڈاؤن کے جواب میں دونوں ممالک کے سیاستدان ان مقابلوں کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
جنوبی افریقا کو چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا آغاز 21 فروری کو کراچی میں افغانستان کے خلاف کرنا ہے لیکن میک کینزی نے اپنے ملک کی کرکٹ گورننگ باڈی پر زور دیا کہ وہ اس میچ کا بائیکاٹ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ساؤتھ افریقا دیگر ممالک کی فیڈریشنز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس بارے میں سوچنا ہوگا کہ یہ کھیل دنیا اور خاص طور پر خواتین کو کیا پیغام دینا چاہتا ہے۔
وزیر کھیل نے کہا کہ جنوبی افریقا کو افغانستان کے خلاف کرکٹ میچوں کا احترام کرنا چاہیے یا نہیں اس بارے میں حتمی فیصلہ وزیر کھیل کی حیثیت سے مجھے نہیں کرنا، اگر یہ میرا فیصلہ ہوتا تو یقینی طور پر ایسا نہیں ہوتا۔
قبل ازیں 160 سے زائد برطانوی سیاست دانوں نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو ایک خط میں 26 فروری کو لاہور میں افغانستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا جسے ای سی بی نے مسترد کردیا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے گزشتہ سال مارچ میں افغانستان کے خلاف دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی تھی۔
لیکن انہوں نے 2023 کے آخر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ اور گزشتہ جون میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں ان کے خلاف کھیلا تھا۔