مقبول خبریں
پی ٹی آئی نے کامیاب مذاکرات کیلئے حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے جیل میں قید پارٹی کے بانی عمران خان تک بلا روک ٹوک رسائی کا مطالبہ کردیا۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ مذاکرات کے دوسرے دور کے دوران ہماری مذاکراتی ٹیم نے حکومتی ٹیم سے کہا تھا وہ عمران خان کے ساتھ بلا روک ٹوک ملاقات کا انتظام کرے۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی قیادت اور سابق وزیراعظم کے درمیان ملاقات کے دوران کوئی مانیٹرنگ نہیں ہونی چاہیے۔
مرکز میں مخلوط حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جاری مذاکرات میں تعطل کا امکان ہے کیونکہ سابق حکمراں جماعت نے آج کہا تھا کہ اگر ان کے رہنماؤں کو جیل میں بند سابق وزیر اعظم تک رسائی سے روکا گیا تو دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بے فائدہ ہوگا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو جیل میں پی ٹی آئی کے بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تو مذاکرات کے لیے تیسری نشست کسی کام کی نہیں ہوگی۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ڈیڑھ سال سے جیل میں قید ہیں، بیک ڈور ڈیل کرنا ہوتی تو وہ کر چکے ہوتے، پہلے دن سے ڈیل کی آفرز آرہی ہیں لیکن براہ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بنی گالہ ہاؤس اریسٹ کی آفر آئی تھی جو علی امین گنڈاپور لےکر آئے تھے، ڈیڑھ سال جیل میں رکھ کر اب کیا ہاؤس اریسٹ رکھیں گے؟ بانی پی ٹی آئی کو یہ بھی کہا گیا چپ رہو منہ نہ کھولو۔