مقبول خبریں
جمائما گولڈ اسمتھ ہائیکنگ کے دوران پہاڑ سے گر کر زخمی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نئے سال کی تعطیلات کے دوران جنوبی افریقہ میں لائنز ہیڈ پہاڑ پر پیدل سفر کے دوران گر گئیں۔
رپورٹس کے مطابق جمائما گولڈ اسمتھ کی حادثے میں دائیں ٹانگ زخمی ہوئی تھی جس کے بعد انہیں کیپ ٹاؤن کے ایک اسپتال لے جایا گیا تھا۔
فلم ساز نے اپنے انسٹاگرام پر اس افسوسناک واقعے کی تفصیلات مزاحیہ انداز میں ایک تفریحی کیپشن کے ساتھ شیئر کیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں اس وقت چوٹ کا سامنا کرنا پڑا جب وہ اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ لائنز ہیڈ سمٹ کے خوبصورت مناظر کی تلاش کر رہی تھیں۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے متعلقہ پیروکاروں اور مداحوں کو "نئے سال کی مبارک باد” بھی دی۔
اس کے جواب میں لوگوں نے ان کی صحت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں جلد صحت یاب ہونے کی دعائیں دیں۔
جمائما نے کیپ ٹاؤن کے پہاڑ کے دورے کے دوران خوبصورت تصاویر کا ایک سلسلہ اپ لوڈ کیا تھا۔ اس کے بعد ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ زخمی حالت میں اسٹریچر پر لیٹی ہوئی تھیں۔
تصاویر میں انہیں اسٹریچر پر لیٹے ہوئے مسکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ کچھ دیگر تصاویر میں وہ بیساکھیوں کو تھامے کھڑی دکھائی دے رہی ہیں۔
لائنز ہیڈ جنوبی افریقہ میں ٹیبل ماؤنٹین اور سگنل ہل کے درمیان ایک پہاڑ ہے جو اپنے خوبصورت مناظر کی وجہ سے مشہور ہے۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ عمران خان کی سابق اہلیہ ہونے کے ناطے نہ صرف جیل میں قید سابق وزیراعظم کے حامیوں بلکہ بہت سے پاکستانیوں میں ایک طاقتور اثر و رسوخ رکھتی ہیں۔
جمائما اور عمران نے 16 مئی 1995 کو پیرس میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بیٹے سلیمان عیسیٰ خان اور قاسم خان ہیں تاہم شادی کے نو سال بعد 2004 میں ان کی طلاق ہو گئی تھی۔