مقبول خبریں
لوئر کرم میں دھرنے سے قافلے پارا چنار روانہ نہ ہوسکے، سامان خراب ہونے کا خدشہ
خیبر پختونخوا کے علاقے لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے ٹل پارا چنار روڈ بند ہے۔
لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا جاری ہے اور جرگہ ارکان دھرنے میں پہنچے اور حکومتی پیغام پہنچایا۔ دھرنا منتظمین نے کہا کہ جرگہ اراکین نے ٹل پارا چنار روڈ کھولنے کی گزارش کی۔
جرگہ منتظمین نے اعلان کیا کہ اپیکس کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد تک دھرناجاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرم کو اسلحہ سے پاک اور بگن متاثرین کو معاوضہ ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع کرم پاراچنار؛ دونوں فریقین کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہوگئے
پاراچنار میں غذائی اجناس پر مشتمل گاڑیوں کا قافلہ آج بھی روانہ نہ ہوسکا، کرم میں دن بھر دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد سڑکیں خالی کرنے کے اعلانات نشر کرائے جاتے رہے۔
دھرنے کےباعث کوئی بھی گاڑی پارا چنار نہیں جاسکی جب کہ ضلعی انتظامیہ کے مطابق قافلہ گزرنے کی صورت میں چھپری چیک پوسٹ سے تری منگل تک کرفیو رہےگا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بگن میں ڈپٹی کمشنر کرم پر دہشتگرد حملے کے بعد قافلے کی روانگی ملتوی کردی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع کرم پاراچنار؛ 130 سے زائد بچے زندگی کی بازی ہار گئے
اُدھر ڈرائیوروں نے بھی کہا ہے کہ سخت سردی میں مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیور اجازت ملنے کے منتظر ہیں جبکہ قافلے میں شریک 80 گاڑیوں میں سبزی، پھل اور دیگر ضروری سامان موجود ہے جو خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کرم کی گاڑی پر فائرنگ کا مقدمہ درج کیا جا چکا، مقدمے میں 30 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے اور پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں نام زد دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔