مقبول خبریں
اسرائیل نے لبنان سرحد پر بھی قبضہ جمانے کی تیاری کرلی
اسرائیلی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ تل ابیب حزب اللہ کیساتھ جنگ بندی کے 2 ماہ مکمل ہونے کے بعد بھی لبنان کے متعدد علاقوں سے اپنی فوج نہیں نکالے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ صہیونی قابض افواج لبنان سے 60 روز میں اپنی فوجیں نہ نکالنے سے متعلق تل ابیب واشنگٹن کو مطلع کرے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صہیونی حکام امریکا کو یہ پیغام بھی پہنچانے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ وہ سرحد کے قریب لبنانی دیہات کے مکینوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ 27 نومبر کو صیہونی حکومت اور لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا جس کی رو سے مذکورہ ڈیڈ لائن کے اختتام پر اسرائیلی فوج مقبوضہ علاقوں کو خالی کرنے کی پابند ہے۔
تاہم اب اسرائیل دوران جنگ بندی مسلسل خلاف ورزی کیساتھ ساتھ بمباری بھی جاری رکھی اور اب ڈھٹائی کیساتھ معاہدے کے مطابق انخلاء سے بھی انکار کررہا ہے۔
قابل غور ہے کہ امریکا اور فرانس پر مشتمل جنگ بندی کی نگران کمیٹی کو اسرائیلی ہٹ دھرمی پر سانپ سونگھ گیا ہے، دونوں کی جانب سے صہیونی حکومت پر کوئی پابندی یا لگام نہیں لگائی جارہی ہے۔