مقبول خبریں
گوگل والِٹ کیا ہے اور یہ پاکستان میں کب لانچ ہورہا ہے؟
گوگل پاکستان میں اپنا موبائل ادائیگی کا نظام گوگل والِٹ (جسے گوگل پے بھی کہا جاتا ہے) متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔
گوگل کی جانب سے یہ ادائیگی کا نظام جنوری 2025 میں پاکستان میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
کمپنی نے اپنے ڈویلپر پیج پر اعلان کیا کہ گوگل والِٹ کو پاکستان سمیت 16 ممالک میں پیش کیا جارہا ہے۔
اعلان کے ساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ یہ سروس جنوری 2025 میں مصر، پاکستان اور وینزویلا میں شروع کی جا رہی ہے۔
گوگل والِٹ کو 2011 میں لانچ کیا گیا تھا اور یہ ایک ڈیجیٹل والِٹ ہے جو صارفین کو اپنے اینڈرائیڈ فون سے براہ راست ادائیگی کرتے وقت اپنے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات کو محفوظ طریقے سے اسٹور کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
بورڈنگ پاسز، ایونٹ ٹکٹس، شناختی کارڈز اور بہت کچھ گوگل والِٹ میں محفوظ کیا جاسکتا ہے۔
یعنی جو کچھ بھی آپ اپنے روایتی والِٹ میں رکھتے ہیں اسے گوگل والِٹ میں محفوظ کیا جاسکتا ہے۔
اسے استعمال کرنے کے لئے ، گوگل والیٹ ایپ انسٹال کرنا ضروری ہے۔
ایپ انسٹال کرنے کے بعد آپ کو گوگل اکاؤنٹ میں لاگ ان کرنا ہوگا اور پھر کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کی طرح ادائیگی کا طریقہ شامل کرنا ہوگا۔
ایک بار جب آپ اپنے اکاؤنٹ میں کم از کم ایک کارڈ شامل کر لیتے ہیں تو ، آپ گوگل والِٹ کے ذریعہ اسٹورز میں موبائل ادائیگیاں کرسکیں گے۔