مقبول خبریں
چینی خلابازوں نے 9 گھنٹے کی خلائی واک کر کے امریکی ریکارڈ توڑ دیا

چین نے کہا ہے کہ اس کے دو خلابازوں نے منگل کے روز نو گھنٹے کی خلائی واک مکمل کرکے 2001 میں قائم کیا گیا امریکی ریکارڈ توڑ دیا۔
چین کی مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق شینژو-19 خلائی پرواز کے عملے کے ارکان کائی ژوزے اور سونگ لنگ ڈونگ نے نو گھنٹے طویل اسپیس واک کی۔
ناسا کے مطابق اس سے قبل 8 گھنٹے 56 منٹ تک خلائی واک کا ریکارڈ امریکی خلاباز جیمز ووس اور سوزن ہیلمز نے 12 مارچ 2001 کو قائم کیا تھا۔
چین نے خود کو خلا میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر قائم کرنے کے لئے ایک اہم کوشش کی، یہ ایک ایسا ڈومین ہے جسے امریکا سمیت دیگر ممالک نہ صرف سائنسی فائدے بلکہ وسائل اور قومی سلامتی پر نظر رکھنے کے لئے بھی دیکھ رہے ہیں۔
چین کی نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن نے حالیہ برسوں میں تیزی سے پیچیدہ روبوٹک چاند مشنوں کا ایک سلسلہ انجام دیا جس میں اس سال کے اوائل میں چاند کے دور دراز حصے سے چاند کے نمونوں کی پہلی واپسی بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق چین امریکا کے بعد چاند پر اترنے والا دوسرا ملک بننے کی کوشش میں ہے جب کہ اس نے گزشتہ دنوں 2030 میں شروع ہونے والے خلائی مشن کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ اسپیس سوٹ کی رونمائی کی بھی تھی۔