مقبول خبریں
کیا اسٹار فٹبالر کریم بینزیما ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں؟
ریال میڈرڈ کے 36 سالہ سابق اسٹار کریم بینزیما مبینہ طور پر رواں سیزن کے اختتام پر کلب فٹبال سے ریٹائرمنٹ پر غور کر رہے ہیں۔
فرانسیسی اسٹرائیکر اب سعودی کلب الاتحاد کے لئے کھیلتے ہیں جنہوں نے اس سے قبل ریال میڈرڈ میں 14 سالہ شاندار کیریئر کا لطف اٹھایا اور وہ کلب کے اب تک کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
کریم ینزیما کو الاتحاد کا حصہ بننے کے بعد پہلے سیزن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس کے بعد وہ فارم میں واپس آ گئے اور مینیجر لورینٹ بلانک کی قیادت میں اس سیزن اب تک 10 میچوں میں 10 گول اسکور کرچکے ہیں۔
سعودی پرو لیگ کے رواں سیزن میں گولز کے اعتبار سے اسٹار فٹبالر ٹاپ اسکورر الیگزینڈر مترووک سے صرف دو گول پیچھے اور کرسٹیانو رونالڈو کے برابر ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ فارم میں مضبوط واپسی کے باوجود بینزیما اپنے مستقبل کا جائزہ لے رہے ہیں اور وہ توقع سے جلد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
کریم بینزیما اس وقت الاتحاد میں اپنے معاہدے کے تحت سالانہ 86 ملین پاؤنڈ کماتے ہیں، جو 2026 تک جاری رہے گا۔
تاہم سعودی کلب ان کی ریٹائرمنٹ کی مخالفت نہیں کرسکتا کیونکہ اس سے انہیں کافی مالی وابستگی سے نجات ملے گی۔
ریٹائرمنٹ کے بعد کریم بینزیما مستقبل میں ریال میڈرڈ کے کلب سفیر منتخب ہوسکتے ہیں۔
مشرق وسطی کے ساتھ ان کے مضبوط روابط کو دیکھتے ہوئے ہسپانوی کلب خطے میں ان کی مارکیٹنگ کو ایک اثاثے کے طور پر دیکھتا ہے۔
بینزیما نے شاندار کیریئر میں ریال میڈرڈ کے لئے 648 میچوں میں 354 گول اسکور کیے جب کہ اس دورانیے میں انہوں نے 25 ٹرافیاں جیتیں جس میں پانچ یوئیفا چیمپیئنز لیگ ٹائٹل بھی شامل ہیں۔
انہوں نے 2022 میں 44 میچز کھیل کر 44 گول اسکور کرکے ایک شاندار سیزن کے بعد باوقار بیلن ڈی اور بھی جیتا تھا۔