مقبول خبریں
اسرائیل نے شام پر ‘زلزلہ بم’ گرادیا، فوجی تنصیبات تباہ

وحشت میں مبتلا صیہونی فوج نے شام پر ’زلزلہ بم‘ گرا دیا ہے، جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ شام کے فوجی مقامات پر اسرائیل نے متعدد حملے کردیے جن میں سے ایک دھماکے کی دھمک اتنی ہولناک تھی کہ زلزلہ پیما سینسرز پر اس کی شدت درج ہوئی۔
جنگی نگرانی کرنے والے گروپ کے مطابق دھماکا اتنا بڑا اور شدید تھا کہ زلزلہ پیما سنسر پر اس کی شدت 3.0 ریکارڈ کی گئی۔
طرطوس میں ہونے والے اس دھماکے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے، طرطوس شام میں روس کے دو فوجی اڈوں میں سے ایک رہا جو پہلے بحری اڈے اور گولہ بارود کے ڈپو کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔
ہولناک ویڈیوز میں بم گرتے ہی ایک بہت بڑا چمکتا ہوا جہنم جیسا آگ کا گولا دیکھا گیا جس کے بعد مختلف دھماکے ہوئے اور ان دھاکوں نے فضا میں دھویں کا ایک بڑا بادل بنادیا۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ اسرائیل نے اتوار کو دیر گئے شام کے ساحلی علاقے طرطوس میں فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا، جو 2012 کے بعد سے اس علاقے میں سب سے شدید بمباری ہے۔
اسرائیل نے وحشیانہ بمباری کرکے شام کے فضائی دفاعی یونٹس، میزائلوں کے گوداموں اور دیگر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ان حملوں میں 23 ویں ایئر ڈیفنس بریگیڈ کے اڈے اور قریبی تنصیبات تباہ ہو گئیں جب کہ صیہونی فوج نے کہا ہے کہ یہ حملے اس لیے جیے جا رہے ہیں تاکہ حزب اللہ کو جدید ہتھیاروں تک رسائی ممکن نہ ہوسکے۔