مقبول خبریں
ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی مستعفی کیوں ہوئے؟ وجہ سامنے آگئی
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے چند روز قبل جیسن گلیسپی نے قومی ریڈ بال ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو ہیڈ کوچز کے مسلسل استعفوں کا سامنا کرنا پڑا۔
اندرونی ذرائع نے تجربہ کار آسٹریلوی کرکٹر کے اپنے فرائض سے بے وقت استعفے کی ممکنہ وجوہات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسن گلیسپی نے پاکستانی کرکٹ حکام کی جانب سے ان کے مطالبات تسلیم نہ کرنے کی وجہ سے گھٹنے ٹیک دیے۔
مبینہ طور پر یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب جیسن گلیسپی کو سلیکشن کمیٹی سے ہٹایا گیا، اس کے بعد گلیسپی نے تمام فارمیٹس کے لئے ہیڈ کوچ بننے کی کوشش کی اور معاوضے میں اضافے کا مطالبہ بھی کیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے تنخواہ میں اضافے کا مطالبہ مسترد کیا جب کہ بورڈ نے جیسن گلیسپی سے پاکستان میں زیادہ وقت گزارنے کی درخواست کی جسے وہ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔
واضح رہے کہ وائٹ بال کے سابق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کے ساتھ بھی اسی طرح کے مسائل پیدا ہوئے تھے جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل ہی اپنے عہدے سے ہٹ کر پاکستان میں قیام نہ کرنے کی وجہ سے استعفیٰ دیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق دونوں کوچز نے اپنے پسندیدہ سپورٹ اسٹاف کو بھی لانے کی کوشش کی جس سے پیچیدگیوں میں اضافہ ہوا۔
گلیسپی کو ٹیسٹ سیریز سے قبل کیمپ کی نگرانی کے لئے آج (جمعہ) جنوبی افریقہ پہنچنا تھا تاہم وہ گزشتہ روز ہی مستعفی ہوگئے۔
اس پیش رفت کے بعد پی سی بی نے عاقب جاوید کو ریڈ بال کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
جیسن گلیسپی کے استعفے کی خبریں گزشتہ ماہ کرسٹین کے عہدے چھوڑنے کے بعد گردش کرنا شروع ہوئی تھیں تاہم قومی کرکٹ کی گورننگ باڈی نے ان افواہوں کو مسترد کیا تھا۔
گیری کرسٹن کی غیر موجودگی میں گزشتہ ماہ دورہ آسٹریلیا کے لیے جیسن گلیسپی کو عبوری طور پر وائٹ بال کوچنگ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
تاہم آسٹریلوی سابق کرکٹر نے واضح کیا تھا کہ وہ کل وقتی بنیادوں پر یہ عہدہ سنبھالنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔