مقبول خبریں
پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان برقرار، 100 انڈیکس نئی بلندی کو چھوگیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعہ کو بھی تاریخی تیزی کا سلسلہ جاری ہے اور انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 991.94 پوائنٹس یا 0.87 فیصد اضافے سے 115,172.44 کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا ہے۔
کیپیٹل مارکیٹ میں تیزی کی رفتار میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری، شرح سود میں ممکنہ کمی اور مضبوط لیکویڈیٹی بہاؤ کی وجہ سے ہے۔
افراط زر میں کمی، ترسیلات زر کی آمد میں اضافہ اور جاری حکومتی اصلاحات نے مارکیٹ کے جذبات کو مزید تقویت دی ہے۔
پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 19 ملین ڈالر کی معمولی کمی کے باوجود 6 دسمبر 2024 ء تک 16.6 ارب ڈالر پر مستحکم رہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ذخائر 13 ملین ڈالر اضافے سے 12.051 ارب ڈالر ہوگئے جو مارچ 2022 کے بعد سب سے زیادہ ہیں جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 32 ملین ڈالر کم ہوکر 4.55 ارب ڈالر رہ گئے۔
مالی سال 2025 ء کے پہلے دو ماہ کے دوران ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ (سی اے ڈی) سال بہ سال 79 فیصد کم ہوکر 217 ملین ڈالر رہ گیا جب کہ یہ گست میں 29 ملین ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مارکیٹ ماہرین کا خیال ہے کہ اسٹیٹ بینک 16 دسمبر کو مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس میں اپنی پالیسی ریٹ میں 200 بیسس پوائنٹس تک کمی کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کے ایس ای 100 انڈیکس 3370.29 پوائنٹس یا 3.04 فیصد اضافے سے 114180.50 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جو پی ایس ایکس کی تاریخ میں ایک دن میں پوائنٹس کے لحاظ سے تیسرا سب سے بڑا اضافہ ہے۔