مقبول خبریں
باغیوں کا شامی آئین اور پارلیمنٹ معطل کرنے کا اعلان
معزول صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے بعد شام پر قابض باغیوں نے شامی آئین اور پارلیمنٹ معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق باغیوں کے ترجمان نے کہا کہ صدر بشار الاسد کی برطرفی کے بعد ملک کے آئین اور پارلیمنٹ کو تین ماہ کی عبوری مدت کے لیے معطل کیا جائے گا۔
عبیدہ ارناوت نے بتایا کہ ‘آئین کا جائزہ لینے اور اس کے بعد ترامیم پیش کرنے کے لیے عدالتی اور انسانی حقوق کی کمیٹی قائم کی جائے گی۔’
ترجمان نے کہا کہ موجودہ آئین 2012 کا ہے اور اس میں اسلام کو ریاستی مذہب کے طور پر بیان نہیں کیا گیا ہے۔
باغی گروپ حیات تحریر الشام نے محمد البشیر کو یکم مارچ تک ملک کا عبوری وزیر اعظم نامزد کیا گیا۔
ارناوت نے کہا کہ اقتدار کی منتقلی کے لیے منگل کو سالویشن حکومت کے وزراء اور بشار الاسد انتظامیہ کے سابق وزراء کے درمیان ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شام کے عوام کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والے تمام افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
یاد رہے کہ شدید جھڑپیں، جلاؤ گھیراؤ اور املاک کو نقصان پہنچاتے ہوئے باغیوں نے غیر قانونی طور پر شام پر گزشتہ دنوں قبضہ کیا تھا۔
صدر بشارالاسد کی روس روانگی کے بعد باغیوں کے زیر قبضہ شام پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں جس پر باغی گروہ خاموش تماشائی بن کر رہ گیا ہے۔