مقبول خبریں
سرینگر؛ بھارتی پولیس کا سید علی گیلانی شہید کے گھر اور دفتر پر چھاپہ
سرینگر: مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارتی پولیس نے سرینگر میں واقع شہید سید علی گیلانی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کارروائی کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی پولیس نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں شہید سید علی گیلانی کے گھرپر چھاپہ مارا جہاں سے انکی کتب اور دستاویزات قبضے میں لے لیں۔
کے ایم ایس نے بتا یا کہ بھارتی قابض پولیس اہلکاروں نے ایک گھنٹے تک شہید سید علی گیلانی کے کمرے کی تلاشی لی اور کمرے میں موجود انکی کتب اور اہم دستاویزات و غیرہ ضبط کر لیں۔
مزید پڑھیں:مقبوضہ کشمیر میں خزانے کو شدید مالی بحران کا سامنا، ٹھیکیدار رل گئے
تاہم دوسری جانب بھارتی پولیس نے حید پورہ مومن آباد میں ہی واقع تحریک حریت جموں وکشمیر کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا، پولیس دفتر کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئی اور تلاشی لی، پولیس نے دفتر میں موجود اہم دستاویزت ضبط کر لیں۔
دوسری جانب کُل جماعتی حریت کانفرنس نے سید علی گیلانی کے گھرپر چھاپے کی مذمت کی اور کہا کہ سید علی گیلانی 10 سالہ نظربندی کے دوران شہید ہوئے۔
حریت کانفرنس کا کہنا تھاکہ سید علی گیلانی2021 میں 10 سال کی نظربندی کے دوران شہید ہوئے اور انہوں نے مرتے دم تک بھارتی غلامی قبول کرنے سے انکارکیا، ان کے گھر پر چھاپہ بھارتی بوکھلاہٹ کا واضح عکاس ہے۔
جموں وکشمیر کی تحریک خواتین نے بھی اپنے بیانات میں سید علی گیلانی شہید کے گھر اور تحریک حریت کے دفتر پر چھاپوں کی شدید مذمت کیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت صرف اور صرف فوجی طاقت کے بل پر جموں وکشمیر پر قابض ہے اور وہ علاقے میں ایک ہاری ہوئی لڑائی لڑ رہا ہے، کشمیری سید علی گیلانی اوردیگر لاکھوں شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
خیال رہے کہ بھارت نے تحریک حریت جموں وکشمیر کو ایک ممنوعہ جماعت قرار دے رکھا ہے۔