مقبول خبریں
سابق آسٹریلوی کرکٹر اٹلی کے نئے کپتان مقرر
سابق آسٹریلوی اوپننگ بلے باز جو برنز کو اطالوی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا گیا۔
کرک انفو کے مطابق جو برنز رواں سال کے مئی میں اطالوی ٹیم سے منسلک ہوئے تھے جنہیں اب ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے۔
آسٹریلوی شہر برسبین میں پیدا ہونے والے جو برنز نے جون میں اٹلی کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلا تھا، ایک بیان میں اطالوی کپتان نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اٹلی کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔
جو برنز کا کہنا تھا کہ اطالوی کرکٹ میں بے پناہ صلاحیت ہے اور میں اس کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے پرجوش ہوں۔
اطالوی کرکٹ فیڈریشن کے صدر فابیو مارابینی نے کہا کہ پہلے دن سے ہی جو برنز نے بڑی فراخدلی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اگلے کوالیفائنگ مرحلے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لئے ان کی قیادت پر بھروسہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جو برنس نے اٹلی کی جانب سے اب تک پانچ ٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 70.33 کی اوسط اور 144.52 کے اسٹرائیک ریٹ سے 211 رنز بنائے ہیں۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے ٹیسٹ اوپنر کی حیثیت سے جو برنز نے دسمبر 2014 سے دسمبر 2020 کے درمیان 23 میچوں میں 40 اننگز میں 1442 رنز بنائے تھے۔