اتوار، 26-جنوری،2025
اتوار 1446/07/26هـ (26-01-2025م)

چیمپیئنز ٹرافی پر پاک بھارت ڈیڈلاک برقرار، آئی سی سی نے بورڈ میٹنگ پھر ملتوی کردی

05 دسمبر, 2024 13:46

چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت نے پاکستان کا پیش کردہ فارمولا تسلیم کرنے سے انکار کردیا جس کے باعث آئی سی سی بورڈ میٹنگ ملتوی کردی گئی۔

آئی سی سی کی اہم بورڈ میٹنگ میں شرکت کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی دبئی پہنچے،  توقع کی جارہی تھی کہ اس اجلاس میں پاک بھارت ڈیڈلاک کو ختم کرکے چیمپیئنز ٹرافی معاملے پر کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے تاہم اجلاس بغیر نتیجہ ملتوی کردیا گیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے پاکستان کا تجویز کردہ ‘فیوژن ہائبرڈ ماڈل’ مسترد کردیا گیا، اسی بنا پر آئی سی سی نے آج طلب کی گئی بورڈ میٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی ملتوی کردی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی اجلاس اب 7 دسمبر کو ہوگا، میٹنگ اس وقت ہی ہوگی جب بھارت پاکستان کے مؤقف پر جواب دے گا۔

بڑھتی ہوئی توقعات کے باوجود یہ حیران کن ہے کہ آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں بھارت کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار کا متنازعہ مسئلہ شامل نہیں تھا اور آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ نے اس اجلاس کو ‘تعارفی ملاقات’ قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا اپنے ملک میں ہونیوالے ایونٹس کیلئے ہائبرڈ ماڈل ماننے سے انکار

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی اصولی مؤقف پر قائم ہیں اور نئے فارمولے کو مسترد کیا گیا تو پی سی بی سخت اقدام اٹھاسکتا ہے جب کہ بورڈ تنازع کے حل کے لیے قانونی آپشن پر غور کررہا ہے۔

بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کردیا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار اور ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔

بی سی سی آئی کا ماننا ہے کہ بھارت میں سکیورٹی کو کوئی خطرہ نہیں جس کی وجہ سے فیوژن ہائبرڈ ماڈل غیر ضروری ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول سے متعلق شعیب اختر کا بڑا دعویٰ

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ صرف پاکستان میں کھیلا جانا چاہیے چاہے بھارت کی شرکت کچھ بھی ہو۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نیوٹرل مقام کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہم پاکستان میں ایونٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئی سی سی ہمارے موقف کا احترام کرے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کو 21 نومبر کی ڈیڈ لائن سے قبل حتمی شکل دینے میں ناکامی نے اس معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے اور مزید تاخیر کے اہم اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top