مقبول خبریں
احتجاج کے بعد عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں 76 مقدمات درج
اسلام آباد: ڈی چوک احتجاج کے بعد اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کیخلاف مزید 14 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ایک مقامی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک احتجاج کے بعد اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف مزید 14 مقدمات درج کیے گئے جس کے بعد دارالحکومت میں انکے خلاف درج مقدمات کی مجموعی تعداد 76 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔ اس سے قبل پولیس رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں سابق وزیراعظم کے خلاف 62 مقدمات درج تھے۔
مزید پڑھیں:عمران خان مزید 7 نئے مقدمات میں گرفتار ہو گئے
رپورٹ پیش ہونے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات حاصل کرنے کی درخواست نمٹا دی۔ اس سے قبل عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی۔
دوسری جانب نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے، اسی طرح کے پی، سندھ اور بلوچستان کے مقدمات کی رپورٹس بھی عدالت میں جمع کرا دی گئی ہیں۔