بدھ، 4-دسمبر،2024
بدھ 1446/06/03هـ (04-12-2024م)

انڈر 19 ایشیا کپ؛ پاکستان نے بھارت کو پچھاڑ دیا

30 نومبر, 2024 14:42

دبئی: انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے بھارت کو 44 رنز سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے  میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے اوپنرز نے بھارت کے خلاف سست آغاز فراہم کیا تاہم بغیر کسی نقصان پہلی وکٹ کی شراکت میں 160 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، عثمان 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان خان اور شاہ زیب خان نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 160 رنز کی شاندار اوپننگ پارٹنر شپ رہی۔

مزید پڑھیں:انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کھیلنے سے روک دیا

پاکستان کا مجموعی اسکور جب 160 ہوا عثمان خان 60 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کا مجموعی اسکور 170 ہوا تھا کہ نئے آنے والے ہارون ارشد 3 رنز بنائے تھے کہ کیچ تھما کر واپس چلے گئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 241 کے مجموعی اسکور پر گری، محمد ریاض اللہ 27 رنز بنا کر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے، ان کے بعد فرحان یوسف آئے لیکن وہ بھی صفر پر واپس لوٹ گئے۔

انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کا مجموعی اسکور جب 253 رنز پر پہنچا تو پانچویں کھلاڑی نوید احمد خان چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا اعزاز بھی شاہ زیب خان نے حاصل کر لیا ہے، انہوں نے دس چھکے مارے، اس سے قبل زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ کامران غلام کے پاس تھا انہوں نے ایک میچ میں سات چھکے مار رکھے ہیں۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ شاہ زیب خان کی گری، انہوں نے دس چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے شاندار 159 رنز بنائے۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے اور بھارت کو 282 رنز کا ٹارگٹ دیا۔

جواب میں بھارتی ٹیم 282 رنز کے تعاقب میں 48ویں اوور میں 238 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارت دوسری اننگز کی ابتدا میں سست رہا جس کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی گئیں اور یوں گرین شرٹس کا پلڑ ابھاری رہا۔ تاہم نخل کمار نے ٹیم کو کچھ سہرا دیا مگر وہ بھی وکٹ گنوا کر پویلیئن لوٹ گئے۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے نخل کمار 67، محمد عنان 30جب کہ ہرونش پنگالیہ 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

گیند بازی میں قومی ٹیم کے علی رضا نے تین، عبدالسبحان اور فہام الحق نے دو، دو جب کہ نوید احمد خان اور عثمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ انڈر 19 اشیا کپ میں پاکستان گروپ اسٹیج مرحلے کا اپنا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف 3 دسمبر کو کھیلے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top