مقبول خبریں
روس کو یوکرین کیخلاف کارروائی کرنے کا حق ہے، شمالی کوریا
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا کہ روس کو اپنے دفاع میں یوکرین کے خلاف کارروائی کرنے کا حق حاصل ہے۔
کم جونگ اُن نے یوکرین کے ساتھ تنازع پر روس کے موقف کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی تعیناتی امریکا کی براہ راست فوجی مداخلت کی عکاسی کرتی ہے۔
شمالی کوریا کے رہنما روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوف سے ملاقات کی اور کہا کہ امریکا اور مغرب نے کیف کو اپنے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں سے روس پر حملہ کرنے پر مجبور کیا، لہٰذا روس کو دشمن قوتوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
غیر ملکی میڈیا نے کم جونگ ان کے حوالے سے کہا کہ شمالی کوریا کی حکومت، فوج اور عوام سامراجیوں کے تسلط کے اقدامات سے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کے لیے روسی فیڈریشن کی پالیسی کی ہمیشہ حمایت کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق کم جونگ ان نے جون میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت فوجی امور سمیت تمام شعبوں میں روس کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کا عہد کیا تھا جس میں باہمی دفاعی معاہدہ بھی شامل ہے۔
جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی کے مطابق گزشتہ سال ستمبر میں روس میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے بعد سے ماسکو اور پیانگ یانگ کے تعلقات میں ڈرامائی طور پر بہتری آئی ہے۔