جمعرات، 5-دسمبر،2024
جمعرات 1446/06/04هـ (05-12-2024م)

حکومت کا اسلام آباد میں مقیم افغان شہریوں سے متعلق بڑا فیصلہ

28 نومبر, 2024 23:41

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم افغان شہریوں سے متعلق بڑا فیصلہ سنا دیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ 31 دسمبر کے بعد افغان شہری بغیر این او سی اسلام آباد کی حدود میں نہیں رہ سکیں گے، دارالحکومت میں رہنے کے خواہشمند افغان شہریوں کو ڈپٹی کمشنر سے این او سی لینا ہوگا۔

اس ضمن میں حکام کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کے لیے این او سی کی شرط پاکستان کی خودمختاری کو مضبوط بناتی ہے اور حکام کو غیر ملکیوں کی موجودگی کو کنٹرول کرنے اور قومی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

حکام نے کہا کہ افغان شہریوں سے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا تقاضہ سخت نگرانی کو یقینی بناتا ہے اور ایسے افراد کی شناخت میں مدد کرتا ہے جو سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

حالیہ سیاسی مظاہروں میں افغان شہریوں کے کردار نے غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کے گزشتہ سال کے فیصلے کو قومی استحکام کے تحفظ کے لیے ضروری اور درست قدم ثابت کیا ہے۔

این او سی کی شرط منظم جرائم اور شدت پسند سرگرمیوں کے خلاف ایک مضبوط رکاوٹ ثابت ہوگی، کیونکہ انٹیلی جنس رپورٹس افغان شہریوں کے شدت پسند نیٹ ورکس اور اسمگلنگ جیسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں۔

حکام نے مزید کہا کہ سرحد پار دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر یہ اقدام مہاجرین کی میزبانی اور قومی سلامتی کے تحفظ کے درمیان توازن قائم کرے گا۔

ماضی کے تجربات سے یہ واضح ہے کہ افغانستان کے شہریوں کا پرتشدد مظاہروں اور بدامنی میں کردار سخت قوانین اور نگرانی کی ضرورت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top