مقبول خبریں
ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کو بم سے اڑانے، قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں
امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کیلئے نامزد کئی شخصیات کو دھمکیاں موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی نامزد ترجمان کیرولین لیویٹ کا کہنا ہے ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ اور آئندہ برس اقتدار سنبھالنے والی انتظامیہ کے نامزد کئی افراد کو رواں ہفتے بم سے اڑانے اور مارنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بیشتر شخصیات کو منگل کی شب اور بدھ کی صبح یہ دھمکی آمیز پیغامات ملے ہیں جس کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ نے ان افراد حفاظت کے انتظامات سخت کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک کی ایران کے مستقل مندوب سے خفیہ ملاقات
وائٹ ہاؤس کے نامزد ترجمان کیرولین لیویٹ نے ان افراد کے نام اور دھمکیوں کی نوعیت واضح نہیں کی ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا کو 15 سالوں سے مطلوب دہشتگرد برطانیہ سے گرفتار
ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس کے نامزد ترجمان کیرولین لیویٹ کا مزید کہنا تھا کہ ان دھمکیوں میں بم سے اڑانے سمیت ہراساں کرنے کے پیغامات شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اقوامِ متحدہ کیلئے نامزد سفیر اور رکنِ کانگریس الیس اسٹافنک، ایوانِ نمائندگان کے رُکن اور اٹارنی جنرل کیلئے اپنی نامزدگی واپس لینے والے میٹ گیٹز، محکمۂ محنت کے لیے نامزد سیکریٹری لوری شاوئز ڈریمر، انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی سربراہی کے لیے نامزد رکنِ کانگریس لی زیلڈن سمیت دیگر کو دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔