مقبول خبریں
چیمپئنز ٹرافی؛ پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کو باضابطہ طور پر مسترد کردیا
پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے سے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کے روز ہونیوالی آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹر میٹنگ سے قبل ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رابطہ کرکے بتادیا ہے کہ ہم ٹورنامںٹ کی میزبانی کے موقف پر قائم ہیں اور اس میں کسی ملک کو شریک نہیں بنائیں گے۔
بورڈ نے دوٹوک انداز اپناتے ہوئے کہا کہ اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پاس مسئلے کا کوئی قابل قبول حل ہے تو میٹنگ سے پہلے ہی ہمیں آگاہ کرے تاکہ ہم تیار ہوکر آئیں اور کسی فیصلے حتمی فیصلے تک پہنچ سکیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ پاکستانی ٹیم بھارت جا کر کھیلے لیکن وہ اپنی ٹیم یہاں بھیجنے سے انکار کر دے۔
مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی؛ ہائبرڈ ماڈل پر پاکستان کو کتنے میچز ملیں گے؟
قبل ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے رات گئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے اور ایونٹ کے لیے گرین شرٹس کی بہترین ٹیم میدان میں اُتاریں گے۔
مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی؛ پیسہ چلے گا یا فیصلہ پاکستان کے حق میں ہوگا؟
گزشتہ روز ہائبرڈماڈل کے تحت ممکنہ شیڈول کے مطابق 19 فروری سے 9 مارچ تک ایونٹ میں 15 مقابلے رکھے گئے ہیں، جس میں 10 مقابلے اور ایک سیمی فائنل میں پاکستان کروانے کی تجویز ہے جبکہ دوسرے سیمی فائنل اور فائنل سمیت 5 میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر غور کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ جمعے کو ہوگی۔