مقبول خبریں
علامہ ناصر عباس کی اسلام آباد میں پی ٹی آئی مظاہرین پر تشدد کی مذمت
اسلام آباد: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے کارکنان پر وحشیانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اور سینیٹر نے اپنے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اتحادی کی حیثیت سے میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے حامیوں پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ میں انسانی حقوق کے اداروں اور شہریوں پر زور دیتا ہوں جو انسانی حقوق اور اقدار کا خیال رکھتے ہیں وہ اس ناانصافی کا نوٹس لیں۔
سینیٹر نے لکھا کہ بے گناہ پاکستانیوں کا قتل اور بہت سے دیگر افراد کو زخمی کرنا ان بے رحم غاصبوں کی واضح یاد دلاتا ہے جنہوں نے ظلم کو انتہا تک پہنچا دیا ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج کے باعث ملکی معیشت کو کتنے ارب کا نقصان ہوا؟
علامہ راجہ ناصر عباس نے لکھا کہ قرآن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ’یہ مت سمجھو کہ ظالم جو کچھ کرتے ہیں اللہ اس سے بے خبر ہے‘ (قرآن 14:42)، بیشک اللہ زبردست بدلہ لینے والا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ مجرموں کو ان کے گھناؤنے جرائم کا جواب دینا ہوگا۔ میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کیلئے انصاف اور احتساب کا مطالبہ کرتا ہوں۔ اس وقت ہونے والے ظلم کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مخلص، بے گناہ پاکستانیوں کا قتل عام ہوا ہےاور ہہت زیادہ زخمی ہیں، پاکستان پر مسلط ناعاقبت اندیش غاصبوں اور انکو لانے والوں نے ظلم ،بربریت اور درندگی کی انتہاء کر دی ہے، اس کا انہیں جواب دینا پڑے گا، ان قاتلوں کا ایجنڈا در اصل پاکستان کا قتل ہے۔