مقبول خبریں
آخری بال تک لڑیں، مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران خان
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جیل سے اپنے کارکنان کے نام پیغام جاری کردیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل سے جاری اپنے کارکنان کے نام پیغام میں کہا کہ میرے کارکنان کو سلام جو اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوئے پرامن احتجاج میں شامل ہیں اور ملک پر مسلط مافیا کے سامنے اپنے مطالبات اور حقیقی آزادی کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا اپنی ٹیم کو بھی پیغام ہے کہ آخری بال تک لڑیں، جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر رینجرز اور پولیس نے ہمارے ورکرز پر فائرنگ اور شیلنگ کر کے پرامن شہریوں کو شہید اور زخمی کیا، اسے اس کا حساب دینا ہوگا، شہری ناصرف پرامن تھے بلکہ شیلنگ اور فائرنگ کرنے والے پولیس اور رینجرز کو بھی ریسکیو کرتے رہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے مظاہرین ڈی چوک پہنچ گئے، فوجی دستے گرفتاریوں کیلئے تیار
بانی پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں کا بھی شکریہ جو ناصرف پاکستان میں موبلائزیشن کر رہے ہیں بلکہ فنڈز بھی بھیج رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا وارئیرز بھی دنیا بھر میں ہمارے مطالبات اور پاکستان میں جاری ظلم و ستم کی بھرپور کوریج جاری رکھیں، مجھے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کی دھمکیاں دینے والوں کیلئے پیغام ہے کہ جو کرنا ہے کر لو میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
عمران خان نے اپنے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جو اب تک نہیں پہنچ پائے وہ بھی ڈی چوک پہنچیں، مظاہرے میں شامل تمام پاکستانی پرامن رہیں، متحد رہیں اور ڈٹے رہیں جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے- یہ پاکستان کی بقا اور حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے۔