مقبول خبریں
امریکا نے پی ٹی آئی مظاہرین سے بڑی اپیل کردی
امریکا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مظاہرین سے بڑی اپیل کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا یہ بیان پاکستان میں جاری سیاسی عدم استحکام کے دوران سامنے آیا ہے، جہاں پی ٹی آئی اپنے زیر حراست بانی عمران خان کی آخری کال پر اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے آزادی اظہار اور پرامن اجتماع کی حمایت کی۔
میتھیو ملر نے کہا کہ ہم مظاہرین پر زور دیتے ہیں کہ وہ پرامن مظاہرہ کریں اور تشدد سے گریز کریں جب کہ ہم پاکستانی حکام سے بھی مطالبہ کرتے ہیں وہ انسانی حقوق و بنیادی آزادیوں کا احترام کریں۔
پی ٹی آئی کے مظاہرین وفاقی دارالحکومت کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں جسے بند کر دیا گیا ہے اور رات گئے اسلام آباد میں داخل ہونے والے پی ٹی آئی قافلوں کو روکنے کے لیے فوج، پیرا ملٹری رینجرز اور پولیس فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مظاہرین کو متنبہ کیا کہ وہ حکومت سے کسی قسم کی نرمی کی توقع نہ کریں۔
حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کیا ہے جس کے تحت پاک فوج کو افراتفری پھیلانے میں ملوث افراد کو دیکھتے ہی گولی چلانے سمیت فیصلہ کن کارروائی کا اختیار دیا گیا ہے۔