جمعرات، 5-دسمبر،2024
جمعرات 1446/06/04هـ (05-12-2024م)

پی ٹی آئی مظاہرین کے تشدد سے کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا: عظمیٰ بخاری

25 نومبر, 2024 19:06

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے قافلے اسلام آباد کی جانب گامزن ہیں اور مختلف مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

وزیرا طلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نو مئی پارٹ ٹو چاہتی ہے، مظاہرین کے تشدد سے ایک پولیس اہلکار کی جان چلی گئی، کانسٹیبل مبشر نے کچھ دیر پہلے دم توڑا جب کہ پانچ اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مظاہرین کے تشدد سے 70 کے قریب پولیس اہلکار زخمی ہوئے، اطلاعات ہیں پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں پولیس اہلکار کو ٹانگ پر گولی ماری گئی، کٹی پہاڑی پر کانسٹیبل واجد کی گردن پر گولی لگی، کوئی پاکستانی اس احتجاج کو پُرامن نہیں کہہ سکتا، اگر ریاست اپنی پر آگئی توآپ کو پتہ ہے کیا ہوگا۔

صوبائی وزیر نے پی ٹی آئی کو کہا کہ کھل کر کھیلیں ہمیں بھی کھیلنے کا مزہ آئے گا،بشریٰ بی بی اپنے بچے بچا رہی ہیں اور دوسروں کے بچوں کو مروا رہی ہیں، ان کا ایجنڈا ہے ریاست گولی چلائے اور انہیں لاشیں ملیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے انٹرنیٹ کیلئے ایلون مسک سے مدد مانگ لی

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل مبشر کو خراج عقیدت پیش کیا اور اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل مبشر نے فرض کی ادائیگی میں شہادت کا بلند رتبہ پایا، تشدد کرنے والے مظاہرین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید پولیس کانسٹیبل مبشرکے اہلخانہ کے ساتھ ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top