مقبول خبریں
ہر 10 منٹ میں ایک خاتون کا شریکِ حیات کے ہاتھوں قتل ہونے کا انکشاف
اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں ہر 10 منٹ بعد ایک خاتون کو شریک حیات یا رشتہ دار قتل کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ 2023 میں دنیا بھر میں ہر 10 منٹ میں ایک خاتون کو اس کے ساتھی یا رشتہ دار کے ہاتھوں قتل کیا گیا۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال تقریبا 85 ہزار خواتین اور لڑکیوں کو قتل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 60 فیصد یعنی 51 ہزار سے زائد خواتین اور لڑکیاں اپنے ساتھی یا رشتہ دار کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔
اس کے برابر ہے کہ روزانہ 140 خواتین یا ہر 10 منٹ میں ایک خاتون کو ان کے قریب ترین افراد قتل کرتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گھر خواتین اور لڑکیوں کے لیے مہلک ترین حملوں کے خطرے کے لحاظ سے سب سے خطرناک جگہ ہے۔
سنہ 2023 میں افریقہ میں 21 ہزار 700 خواتین کو ان کے کسی قریبی شخص نے قتل کیا تھا جب کہ خواتین کے قتل کی سب سے کم شرح یورپ اور ایشیا میں تھی۔
اقوام متحدہ کی ویمن ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سیما بہوس نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کو روکنے کے لیے مضبوط قانون سازی، زیادہ سے زیادہ حکومتی احتساب اور خواتین کے حقوق کی تنظیموں اور ادارہ جاتی اداروں کے لیے فنڈز میں اضافے کی ضرورت ہے۔