مقبول خبریں
کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس متاثر
کراچی: گزشتہ رات سے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگئی جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت داخلہ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ صرف سکیورٹی خدشات والے علاقوں میں ہی موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس کی بندش کا تعین کیا جائے گا۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک کے باقی حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس چلتی رہے گی۔
جی ٹی وی کے مطابق حکومت نے گزشتہ رات 12 کے بعد انٹرنٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد وائی فائی سروسز بھی نہیں چلیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل سروس کھلی ہوگی تاہم سروس کی بندش کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں رات 12 بجے کے بعد انٹرنیٹ بند ہوجائے گا؟
دوسری جانب نیکٹا نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔
نیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ 19اور 20 نومبر کی درمیانی شب فتنہ الخوارج کے دہشت گرد پاک افغان باڈر سے پاکستان میں داخل ہوئے ہیں تاکہ احتجاج میں دہشتگردی کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج 24 نومبر کو احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا، انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے رینجرز، پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔