مقبول خبریں
کسی دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے، وزیر داخلہ نے چیئرمین پی ٹی آئی پر واضح کردیا
اسلام اباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا ہے۔
محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو بیلاروس کے صدر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے 80 رکنی وفد کی 24 نومبر سے 27 نومبر کی مصروفیات و تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے محسن نقوی کو جواب دیا کہ پارٹی مشاورت کے بعد احتجاج کے حوالے سے آپ کو حتمی رائے سے آگاہ کروں گا۔
خیال رہے کہ تاجروں کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کا احتجاج رکوانے کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
عدالت عالیہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو حکم دیا تھا کہ وہ چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطہ کر کے معاملے پر بات کریں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے جبکہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے پنجاب اور کے پی سے اسلام آباد آنے والے راستے بند کر دیے ہیں۔
پولیس کے علاوہ ایف سی اور رینجرز کے دستے بھی جڑواں شہروں میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔