جمعرات، 5-دسمبر،2024
جمعرات 1446/06/04هـ (05-12-2024م)

نیتن یاہو کینیڈا میں قدم رکھتے ہی گرفتار ہوں گے، جسٹن ٹروڈو کا اعلان

22 نومبر, 2024 10:28

کینیڈا نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور سابق دفاعی سربراہ یوو گیلنٹ کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے وارنٹ گرفتاری کی حمایت اور تعمیل کا یقین دلایا ہے۔

ایک بیان میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ یہ واقعی اہم ہے کہ ہر کوئی بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرے اور اس پر ہم غزہ جنگ کے آغاز سے ہی مطالبہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا بین الاقوامی فوجداری عدالت، بین الاقوامی عدالت انصاف کے بانی ارکان میں سے ایک ہے، اگر نیتن یاہو اور گیلنٹ کینیڈا میں قدم رکھتے ہیں تو  انہیں گرفتار کیا جائے گا۔

کینڈین وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہم بین الاقوامی قانون کے لئے کھڑے ہیں، اور ہم بین الاقوامی عدالتوں کے تمام قواعد و ضوابط اور فیصلوں کی پاسداری کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں امداد پہنچانے کی ضرورت ہے جب کہ ہمیں جنگ بندی کے لیے دو ریاستی حل کی طرف جانا چاہئے جہاں اسرائیل اور فلسطین دونوں کی آزاد حیثیت ہو۔

کینیڈین مسلمانوں کی قومی کونسل (این سی سی ایم) نے جسٹن ٹروڈو کے بیان کو غزہ اور فلسطین کے لئے انصاف کی راہ میں ایک سنجیدہ اور اہم قدم قرار دیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top