مقبول خبریں
پی ٹی آئی کارکن پولیس چھاپے کے دوران گھر کی چھت سے گر کر جاں بحق
نارووال میں پولیس چھاپے کے دوران چھت سے گر کر زخمی ہونے والا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کارکن اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
متوفی کی شناخت یاسر ملہی کے نام سے ہوئی، پی ٹی آئی کے ضلعی صدر نے ایک ویڈیو بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
اس افسوسناک واقعہ کے بعد اہل خانہ نے بڈومالیہی پولیس اسٹیشن کے باہر مظاہرہ کیا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
یاسر کے نوجوان بیٹے نے الزام عائد کیا کہ چھاپے کے دوران ان کے والد گھر کی چھت پر چڑھ گئے تھے، جہاں پولیس اہلکاروں نے ان کے سر پر اینٹ سے وار کیا۔
تاہم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے ترجمان نے ان دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یاسر کی موت میں پولیس کا کوئی کردار نہیں۔
ایک سوشل میڈیا صارف کی جانب سے ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور حامیوں میں غم و غصے کو جنم دیا۔
بہت سے لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ یہ چھاپہ 24 نومبر کے احتجاج سے پہلے حکومت کے کریک ڈاؤن کا حصہ تھا۔