مقبول خبریں
ڈیوس کپ میں شکست کے بعد رافیل نڈال نے ٹینس کو الوداع کہہ دیا
مایہ ناز ٹینس اسٹار رافیل نڈال ڈیوس کپ میں ہالینڈ کے حریف کے ہاتھوں 2-1 کی شکست کے بعد مالاگا میں اپنے مداحوں کی جانب سے پرجوش الوداعی وصول کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔
یہ میچ 38 سالہ رافیل نڈال کا آخری پروفیشنل میچ تھا جس سے ان کے شاندار کیریئر کا اختتام ہوا۔
جذبات سے لبریز ٹینس اسٹار نے مالاگا کے میدان میں 15 منٹ کی متحرک تقریر کی۔
22 بار کے گرینڈ سلیم چیمپیئن نے اپنے ٹینس کے سفر کو یاد کرتے ہوئے جذبات سے آنسو روکنے کی کوشش تو کی تاہم وہ اپنے جذبات قابو نہ کرسکے اور ہزاروں مداحوں کے سامنے آبدیدہ ہوگئے۔
رافیل نڈال نے کہا کہ میں نے ایک اچھا انسان بننے کی کوشش کی اور مجھے امید ہے آپ نے یہ دیکھا ہوگا۔
"ٹینس اسٹار نے ٹینس سفر کو الوداع کرتے ہوئے کہا کہ میں اس راستے میں بہت سارے دوستوں سے ملنے کے بعد ٹینس کی دنیا چھوڑ رہا ہوں، اس ذہنی سکون کے ساتھ جا رہا ہوں کہ میں نے ایک کھیل اور ذاتی وراثت چھوڑی جس پر مجھے فخر ہوسکتا ہے۔
اس سے قبل رافیل نڈال کا سنگلز میچ بوٹک وین ڈی زنڈشلپ کے ہاتھوں 6-4، 6-4 سے شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور ڈیوس کپ سنگلز میں ان کی 29 میچوں کی جیت کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔
کارلوس الکاراز کی ٹالون گریکسپور کے خلاف فتح کے باوجود اسپین کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب مارسیل گرینولرز اور الکاراز کو فیصلہ کن ڈبلز میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ ماہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے ٹینس لیجنڈ نے اعتراف کیا کہ ان کی الوداعی تقریب اس طرح نہیں ہوئی جس کی انہیں توقع تھی۔
"ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے جسم نے مجھ سے کہا ہے وہ اب ٹینس نہیں کھیلنا چاہتا اور مجھے یہ قبول کرنا ہوگا، مجھے اعزاز حاصل ہے میں اپنے مشاغل کو اپنا پیشہ بنانے میں کامیاب رہا۔