مقبول خبریں
ٹرمپ نے WWE کی سابق چیئرمین کو وزیر تعلیم مقرر کردیا
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کی سابق ایگزیکٹو لنڈا میک موہن کو وزیر تعلیم مقرر کر دیا۔
لنڈا میک موہن کو ‘والدین کے حقوق کا پرزور حامی’ قرار دیتے ہوئے ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم تعلیم کو ریاستوں میں واپس بھیجیں گے اور لنڈا اس کوشش کی قیادت کریں گی۔
میک موہن جنوری میں وائٹ ہاؤس واپسی سے قبل ٹرمپ کی عبوری ٹیم کی شریک سربراہ ہیں، انہیں حکومت میں تقریبا 4000 عہدوں کو پُر کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔
نامزد وزیر تعلیم کے تعلیمی تجربے کے بارے میں ٹرمپ نے کنیکٹیکٹ بورڈ آف ایجوکیشن میں اپنے دو سال اور نجی کیتھولک اسکول سیکریڈ ہارٹ یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز میں 16 سال کی مدت کا حوالہ دیا۔
میک موہن نے 2009 میں ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑ کر امریکی سینیٹ کے لیے انتخاب لڑا تھا اور وہ ٹرمپ کے لیے ایک اہم عطیہ دہندہ رہی ہیں۔
سنہ 2021 سے وہ ٹرمپ سے منسلک امریکا فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ میں سینٹر فار دی امریکن ورکر کی صدارت کر رہی ہیں۔
انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ جب وہ وائٹ ہاؤس واپس آئیں گے تو وفاقی محکمہ تعلیم کو ختم کر دیں گے۔