مقبول خبریں
ملک میں بارشوں اور برفباری سے متعلق اہم پیشگوئی
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہونے سے متعلق پیش گوئی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم سرما کی آمد کا اعلان کر دیا، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، ناران میں برفباری کے باعث راستے بند کردیے گئے جس کے باعث سیاحوں کو آگے جانے سے روک دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان ، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ،کشمیر اورخطہ پوٹھو ہار میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے،جبکہ پاکستان کے آلودہ شہروں میں ملتان کا آج پہلا، لاہور کا دوسرا اور کراچی کا تیسرا نمبر ہے۔
مزید پڑھیں:موسم سرما میں ورزش کے 10 ناقابل یقین فوائد کیا ہیں؟
پنجاب کے چند میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں سموگ اور دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، اس کے علاوہ وادی کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، زیارت میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے جس سے سردی کی شدت مزید بڑھے گی۔ بالائی علاقوں میں برفباری سے وادیوں کا حسن مزید نکھرگیا جبکہ یخ بستا ہواؤں نے ڈیرے جمانا شروع کردیے۔
بلوچستان میں زیارت، پشین، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان اور خضدار میں بارش ہوئی، بلوچستان سے آنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے سندھ کا موسم بھی تبدیل کردیا جبکہ جیکب آباد، قمرشہداد کوٹ میں بارش سےعوام کے چہرے کھل اٹھے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں بلوچستان اور ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے 2 دسمبر کے دوران اثرانداز رہ سکتی ہیں اور 4 دسمبر کے بعد درجہ حرارت میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 4 دسمبر سےدرجہ حرارت 16 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جب کہ کراچی میں بھی 4 دسمبر سے رات کے درجہ حرارت میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔
ایئرکوالٹی انڈکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آج چھٹے نمبر پر ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 186 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی، 100 سے 200 پرٹیکیولیٹ میٹرز صحت کے لیے مضر ہے، 200 سے 300 پرٹیکیولیٹ میٹرز صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔