مقبول خبریں
مائیک ٹائسن نے مقابلے سے قبل مخالف باکسر کو تھپڑ دے مارا، ویڈیو وائرل
باکسنگ لیجنڈ اور سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپیئن مائیک ٹائسن نے یوٹیوبر سے باکسر بننے والے جیک پال کو تھپڑ مار دیا۔
ٹویوٹا میوزک فیکٹری کے پویلین میں جمعرات کو نیٹ فلکس فائٹ کے لیے منعقدہ تقریب کے دوران مائیک ٹائسن، جو 19 سال بعد پہلی بار باکسنگ رنگ میں واپسی کریں گے، نے جیک پال کے چہرے پر تھپڑ جڑ دیا۔
مقابلے سے قبل دونوں باکسرز کے وزن کی پیمائش کے لیے تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر 58 سالہ مائیک ٹائسن 228.4 پاؤنڈ جب کہ ان کے حریف جیک پال کا وزن 227.2 پاونڈز ریکارڈ کیا گیا۔
مائیک ٹائسن وزن جانچنے کے بعد اسٹیج پر موجود جیک پال کے پاس گئے اور انہوں نے نوجوان ایتھلیٹ کے چہرے پر زوردار تھپڑ دے مارا۔
کافی عرصے سے منتظر شائقین مذکورہ باکسنگ مقابلہ کل 16 نومبر بروز ہفتہ کی صبح 6 بجے نیٹ فلکس پر براہ راست دیکھ سکیں گے۔