مقبول خبریں
ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک کی ایران کے مستقل مندوب سے خفیہ ملاقات
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سے خفیہ ملاقات کی ہے۔
امریکی میڈیا نے دو ایرانی حکام کے حوالے سے ایلون مسک اور امیر سعید ایراوانی کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تصدیق کی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی حکام نے بتایا کہ ایلون مسک اور ایرانی سفیر کے درمیان طویل ملاقات میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرنے سے متعلق گفتگو ہوئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ایک گھنٹہ طویل یہ ملاقات نیویارک میں ایک خفیہ مقام پر ہوئی، ملاقات سے متعلق اقوام متحدہ میں بائیڈن انتظامیہ کے نمائندوں کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات کی درخواست ایلون مسک نے کی تھی جبکہ جگہ کا انتخاب اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے کیا۔
سفیر ایراوانی نے ایلون مسک پر زور دیا کہ وہ امریکی وزارت خزانہ سے کہیں کہ وہ ایران پر عائد پابندیاں اٹھائے اور یہ دعوت بھی دی کہ وہ اپنے کچھ کاروبار تہران لائیں۔