مقبول خبریں
قومی شعور، مسلسل جدوجہد بلوچ شہدا کی قربانیوں کا مرہونِ منت ہے، بلوچ یکجہتی کمیٹی
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا ہے کہ قومی شعور، مسلسل جدوجہد بلوچ شہدا کی قربانیوں کا مرہونِ منت ہے۔
یوم شہدا بلوچستان کے موقع پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ترجمان نے کہا کہ 13 نومبر کو بلوچ شہداء کے دن کی مناسبت سے ہم تمام بلوچ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ شہداء کی عظیم قربانیوں نے بلوچ سماج میں سماجی تبدیلی اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، اور آج کا قومی شعور اور تسلسل کے ساتھ جاری تحریک ان ہی قربانیوں کا مرہونِ منت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ آج کا دن بلوچ قومی تاریخ کے اوراق میں اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ بلوچ رہنما میر محراب خان نے انگریزوں کے سامنے سر جھکانے کے بجائے سر قربان کرنا ترجیح دی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ میر محراب خان کی اس قربانی نے سرزمین اور قوم کے دفاع میں مزاحمت اور قربانی کے فلسفے کی بنیاد رکھی اور آنے والی نسلوں نے اپنے آباؤ اجداد کے متعین کردہ فکر و فلسفہ پر عمل پیرا ہو کر بلوچ سماج کو فکری غلامی سے محفوظ رکھا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ترجمان نے کہا کہ آج کا دن اُن تمام خاندانوں اور افراد سے اظہارِ یکجہتی کا دن ہے جنہوں نے قومی بقاء کے لیے اپنی زندگیاں قربان کر کے قومی مزاحمت اور جدوجہد کو توانائی بخشی، اور بلوچ سرزمین میں سامراجیت کے خلاف آواز اٹھانے کی روایات کو زندہ رکھا۔