مقبول خبریں
ٹرمپ نے پیوٹن کو ٹیلیفون کرکے کیا مشورہ دیا؟ امریکی میڈیا کا بڑا دعویٰ
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو ٹیلیفون کرکے بڑا مشورہ دیا ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات چیت کی اور انہیں یوکرین جنگ کو آگے نہ بڑھانے کا مشورہ دیا۔
رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نو منتخب امریکی صدر نے بدھ کے روز یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی سے بات کی تھی جس دوران انہوں نے کیف کے لیے امریکی فوجی اور مالی امداد کے پیمانے پر تنقید کرتے ہوئے جنگ کو جلد ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
یوکرین کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسے ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بارے میں معلوم نہیں، نہ وہ اس کی حمایت کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس پر اعتراض کر سکتے ہیں۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے ایک بیان میں کہا کہ صدر بائیڈن کے پاس اگلے 70 دنوں میں کانگریس اور آنے والی انتظامیہ کے سامنے یہ موقف پیش کرنے کا موقع ہو گا کہ امریکا کو یوکرین سے الگ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یوکرین سے علیحدگی کا مطلب یورپ میں مزید عدم استحکام ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ سال اس بات پر زور دیا تھا کہ اگر وہ اس وقت وائٹ ہاؤس میں ہوتے تو پیوٹن کبھی بھی یوکرین پر حملہ نہ کرتے۔
زیلینسکی نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ وہ یوکرین جنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کے ٹرمپ کے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ نہیں ہیں۔