مقبول خبریں
مستونگ میں دھماکے سے اسکول کے بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق، کئی زخمی
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پولیس وین کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کےمطابق دھماکا سول اسپتال و گرلز اسکول چوک پر پولیس وین کے قریب ہوا جس میں 5 اسکول کے بچوں، ایک پولیس اہلکار اور ایک راہگیر جاں بحق ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ہوا جس کے باعث پولیس مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ دھماکے سے متعدد گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں 15 افراد سے زائد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں زیادہ تر اسکول کے بچے شامل ہیں۔
پولیس نے کہا کہ دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اسکول کی وین بھی دھماکے کی زد میں آ گئی جس کے نتیجے میں اسکول کے 3 بچے اور ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ڈی ایچ کیو اسپتال میں دھماکے سے زخمی ہونے والے 3 افراد دوران علاج دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہو گئی، جاں بحق ہونے والوں میں 5 اسکول کے بچے، ایک پولیس اہلکار اور ایک راہگیر شامل ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومے شاہد رند نے مستونگ میں اسکول کے قریب بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ داخلہ بلوچستان سے واقعہ سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سکیورٹی فورسز موقع پر موجود ہیں، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔